لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہاہے کہ سب کچھ قوم اورمیڈیاکے سامنے ہے ،این آراووالی بات کوئی نہیں،ہم صرف ان سے شورٹی بانڈ مانگ رہے ہیں، ا ٓج تک کوئی بھی سیاست دان علاج کیلئے باہرگیا تو واپس نہیں آیا۔ 92نیوز کے پروگرام 92ایٹ 8 میں میزبان سعدیہ افضال سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا چودھری برادران ہمارے اتحادی، انکا اپنا نکتہ نظرہے ۔ ہم کوشش کرینگے کہ پنجاب اسمبلی میں ن لیگ کیساتھ بیٹھیں، تحفظات دور کرتے ہوئے انہیں ساتھ لیکر چلیں۔ن لیگ کے رہنما قیصر احمد شیخ نے کہا عدالت نے نوازشریف کو علاج کی سہولت دی ہے ، بیماری میں بھی نواز شریف پرشرائط عائد کی جارہی ہیں جسے وہ اپنی ہتک عزت سمجھتے ہیں، اس لئے بانڈ دینے کیلئے تیار نہیں۔عمران خان کو اسے انا کا مسئلہ نہیں بناناچاہئے اور نوازشریف کو جانے کی اجازت دیں۔تجزیہ کار ارشد شریف نے کہا حکومت اس لئے بانڈ مانگ رہی ہے کہ اگربعدمیں اس سے پوچھا گیا توکیا جواب دیگی۔یہ تاثر دیا جا رہا کہ اگر ن لیگ بانڈ دیتی تو پھر حکومت کہتی کہ انہوں نے یہ شورٹی لی ہے جس کا فائدہ اسے ہوتا۔چودھری برادران سیاست کے پرانے کھلاڑی ہیں، آنیوالے دنوں میں حکومت کے اتحادیوں کے تحفظات بڑھتے جائینگے ۔