واشنگٹن (نیٹ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا اور داماد کشنر پر قومی خزانے کو ایک لاکھ 44 ہزار ڈالر نقصان پہنچانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق جیرڈ کشنر نے واشنگٹن ڈ ی سی میں 2017 میں 5 ہزار مربع فٹ کا پرتعیش مکان کرایہ پر لیا جس میں چھ بڑے اور ایک چھوٹا ٹوائلٹ تھا لیکن ایوانکا اور کشنر نے سکیورٹی پر تعینات خفیہ ایجنٹس کو ٹوائلٹس استعمال کرنے کی اجازت نہ دی، مجبورا ایجنٹس فٹ پاتھ، ہوٹلوں کے ٹوائلٹس، پبلک ٹوائلٹس اور قریبی مقامات استعمال کرتے رہے ۔ ہمسایوں نے شکایت کی تو ایجنٹس سابق صدر اوباما کے گیراج کا ٹوائلٹ استعمال کرتے رہے تاہم بعد میں ایوانکا اور کشنر کے مکان کے قریب سڑک پار سٹوڈیو اپارٹمنٹ 3 ہزار ڈالر ماہانہ کرایہ پر مل گیا، اسطرح 2017 سے ابتک ایک لاکھ 44 ہزار ڈالر یعنی 23 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد صرف سیکرٹ ایجنٹس کے ٹوائلٹس پر خرچ کر دیے گئے ۔ یہ رقم امریکی ٹیکس دہندگان کی جیب سے ادا کی گئی۔ ترجمان وائٹ ہاؤس نے خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا خفیہ ایجنٹس کو باتھ روم استعمال کرنے سے نہیں روکا گیا۔