اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ، نامہ نگار )مسلم لیگ(ن ) کے تاحیات قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف نے احتساب عدالت کی جانب سے پوچھے گئے تمام 128 سوالات کے جواب دیدئے ہیں جس کے بعد فاضل عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت آج صبح نو بجے تک ملتوی کر دی ہے ۔ آج مریم نواز عدالتی سوالنامہ کا جواب دیں گی۔ بدھ کو احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران نواز شریف کی جانب سے متفرق درخواست دائر کی گئی جس میں کہا گیا کہ انہوں نے گزشتہ دو روز کی عدالتی کاروائیوں کے دوران 123 سوالوں کے جواب دئے ہیں، 5 سوالوں کے جواب قلمبند کرانا باقی ہیں تاہم ان سوالوں کے جواب دیگر دو ریفرنسز میں گواہان کے بیان مکمل ہونے کے بعد ریکارڈ کیا جائے ۔ عدالت نے نواز شریف کی درخواست مسترد کردی،جس کے بعد نواز شریف نے باقی 5 سوالوں کے جواب بھی قلمبند کرادئے ۔ نواز شریف نے احتساب عدالت کی جانب سے جاری سوالنامہ کے جوابات دیتے ہوئے پیر کو پہلے روز 55،منگل کو دوسرے روز 68 اور بدھ کو5 سوالات کے جواب دئے ۔