سیالکوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ لمیٹڈ میجرجنرل (ر) محمد عابد نذیر (تمغہ امتیاز ملٹری) نے کہا ہے دنیا میں ایوی ایشن انڈسڑی کی ترقی کے سب سے زیادہ مواقع پاکستان میں موجودہیں۔ اس سلسلے میں ایوی ایشن پالیسی کو عوامی امنگوں کے مطابق بنانے اور یونیورسٹیوں کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی آف سیالکوٹ میں ایوی ایشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ایوی ایشن انڈسٹری اور قومی ترقی کے موضوع پرمنعقدہ سمینار میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کی صدارت محمد ریحان یونس ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کی جبکہ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر سعید الحسن چشتی، ڈائریکٹر ایوی ایشن مینجمنٹ امان آ علوی بھی بطور خاص موجود تھے ۔ منیجر تعلقات عامہ سیال عبدالشکور مرزا، اسٹاف آفیسر نعمان جمیل، ہیڈ آف پریس اینڈ پببلیکیشن پروفیسر رانا بابر سہیل، استاتذہ اوردیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ میجرجنرل (ر) محمد عابد نذیر نے کہا کہ دنیا میں اس وقت ایوی ایشن کی ترقی کے امکانات 3.4 فی صد ہیں جبکہ پاکستان میں اس انڈسٹری کے پھلنے پھولنے کے امکانات 9.9 فی صد ہیں۔