اسلام آباد(قاسم نواز عباسی)ہائیرایجوکیشن کمیشن آف پاکستان(ایچ ای سی) نے ملک بھر میں طلبا و طالبات کو 3 جعلی یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے سے روک دیا۔ روزنامہ 92نیوز کے پاس محفوظ دستاویزات کے مطابق ایچ ایسی نے الخیر یونیورسٹی آزاد کشمیر، گلوبل انسٹی ٹیوٹ لاہور اور پرسٹن انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کو جعلی قرار دیا۔ دستاویزات کے مطابق ایچ ای سی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے مطلع کیا کہ ان تینوں جامعات کی ڈگریاں ایچ ای سی تصدیق نہیں کریگاجبکہ ان جامعات سے منسلک تمام برانچز، کالجز اور انسٹیٹیوٹس میں بھی داخلہ نہ لیاجائے ۔ایچ ای سی نے کہا کہ تینوں جامعات سے منسلک کسی تعلیمی ادارے کو ایچ ای سی تسلیم نہیں کرتا۔باوثوق ذرائع نے بتا یا کہ تینوں انسٹیٹیوٹس طلبہ سے اعلیٰ تعلیم کے نام بھاری فیسیں بٹور رہی ہیں اور طلبہ کو گمراہ کر کے تعلیم کے نام پر کاروبار کیا جا رہا ہے ۔ایچ ای سی کی جانب سے بار بار آگاہ کیا جا چکا ہے کہ ان تعلیمی اداروں کو ایچ ای سی رولز کے تحت لایا جائے تاہم احکامات کو ہوا میں اڑاتے ہوئے کاروبار جاری رکھا ہوا ہے ۔