پشاور(92نیوز )قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائونے کہا ہے کہ یہ تاثر سامنے آنا کہ ایک لیڈر جلسے کر‘نے میں آزاد ہو اور دوسروں کو اجازت نہ ہوں، اس طرح کے منفی تاثرات سے نگران حکومت کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے ، ملکی معاشی مسائل اور دہشت گردی واقعات تشویش کو بڑھا رہے ہیں،انھوں نے کہا کہ الیکشن چنددن کی دوری پر ہے اور حکمران سیاسی لیڈروں اور امیدواروں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرے تاکہ وہ صحیح معنوں میں عوام کے سامنے اپنا منشور پیش کر سکیں۔انھوں نے کہا کہ لاہور واقعہ میں نگران حکومت کی جانب سے جانبداری نظر آئی جس سے لوگوں میں مایوسی پائی جارہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایبٹ آباد بار کلب میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی ضلع ایبٹ آباد کے عہدیدار اور پارٹی امیدواربھی موجود تھے ،آفتاب شیرپائو نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں نے اعتراض کیا ہے کہ نگران حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔انھوں نے کہا کہ سیاسی لیڈروں اور امیدواروں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنا حکام کا کام ہے اور ان کو چاہیے کہ اس کو یقینی بنائے ۔