اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے نوکریوں سے متعلق اپنے بیان کی ایک بار پھر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز ایک تقریب میں ملازمتوں کے حوالے سے میرے بیان کو غلط تناظر میں پیش کیا گیا، میرا مدعا یہ تھا اور آج بھی اس پر قائم ہوں کہ سرکاری ملازمتوں کی فراہمی معیشت کا مستقل حل نہیں۔ بدھ کو وفاقی وزیر کی جانب سے ویڈیو پیغام میں وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اگر تحریک انصاف نے ایک کروڑ نوکریوں کا کہا تھا تو اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ایک کروڑ ’سرکاری‘ نوکریاں فراہم کی جائینگی، حکومت کا کام ایسے مواقع پیدا کرنا ہیں کہ جس میں ملازمتیں پیدا ہوں۔انہوں نے کہا ملک کی کل ملازمتوں میں حکومتی ورک فورس کا تناسب صرف 6 فیصد ہے ، باقی 94 فیصد ملازمتیں پرائیویٹ سیکٹر کی ہیں، اگر ہم اس 6 فیصد کو دوگنا بھی کردیں تب بھی روزگار کا مسئلہ حل نہیں ہوگا،اور اگر ایسا کیا بھی جائے تو معیشت کے ساتھ حکومتی ادارے بھی بیٹھ جائینگے ۔ فواد چودھری نے کہا بے دریغ سرکاری ملازمتیں دیکر اداروں کو دیوالیہ کرنا پی پی اور ن لیگ کی حکومتوں کا وتیرہ تھا۔