کراچی (کلچرل رپورٹر)ڈرامہ انڈسٹری کی نامور ڈرامہ نگار حسینہ معین نے کہاہے کہ ایک ہی موضوع کو لے کر ڈرامہ بنانا عقلمندی نہیں، ماضی میں دوسری شادی ، ساس بہو کے جھگڑے ، سازشوں جیسے موضوعات پرکام کرنا توہین سمجھا جاتا مگر آج وہ کام بڑے اہتمام کے ساتھ ہوتا نظر آرہاہے ۔ آج فنکار بھی صرف کام کررہاہے ، اس سے جیسا کام لیا جائے گا وہ وہی کرنے کوترجیح دیتا ہے جبکہ ماضی میں فنکاروں کو دیکھ کر کردار تخلیق کیے جاتے تھے ، اب ایسا نہیں، اب کردار لکھے جاتے ہیں اور جو کرسکتا ہے وہ کرلیتا ہے ۔ نئے لوگوں میں بہت کم لوگ ایسے ہیں جو اپنے پرانے لوگوں سے مشورہ کرتے ہوئے کام کررہے ہیں اور کامیابی حاصل کررہے ہیں۔ ایسا نہیں کہ نئے لوگ غیرمعیاری کام کررہے ہیں اچھا کام ہورہاہے ،محنت سے ہر کوئی کام کررہاہے لیکن ان لوگوں کو صرف پالش کرنے کی ضرورت ہے ، اور یہ اس وقت ہی ممکن ہے جب وہ خود سیکھنے کاجذبہ رکھیں گے ۔