اسلام آباد،لاہور (خصوصی نیوز رپورٹر، نیوز رپورٹر،92 نیوزرپورٹ)قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) نے حکومت پاکستان اورچین کے درمیان لاگت کی شیئرنگ کی بنیادپر 6,806.783 ملین ڈالر کی لاگت سے پاکستان ریلویز کے منصوبہ اپ گریڈیشن آف پاکستان ریلویز ایگزسٹنگ مین لائن ون(ایم ایل ون) اورحویلیاں کے قریب ڈرائی پورٹ کے قیام کی منظوری دیدی ہے ۔ منصوبہ کی تکمیل کے بعد مسافرٹرینوں کی رفتار 110 کلومیٹرفی گھنٹہ سے بڑھ کر165 کلومیٹرفی گھنٹہ ہوجائیگی، اسی طرح ایک سمت سے یومیہ 34 ٹرینوں کی گزرنے کی استعداد 137 تا 171 ٹرینیں یومیہ کردی جائیگی۔ ایکنک کا اجلاس بدھ کویہاں مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت کابینہ ڈویژن میں ہوا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کمٹمنٹ چارجز سے بچنے کیلئے منصوبہ 3 پیکیجزمیں مکمل کیا جائیگا اور ہر پیکیج کیلئے قرضہ کے ضمن میں علیحدہ معاہدہ کیا جائیگا۔ منصوبہ کے تحت موجودہ 2655 کلومیٹرطویل پٹڑی کو اپ گریڈ کیا جائیگا۔وزارت ریلویز منصوبہ کی موثرنگرانی اورعمل درآمد کیلئے پراجیکٹ مانیٹرنگ کمیٹی قائم کرے گی۔اجلاس میں پاکستان سنگل ونڈوپراجیکٹ کی بھی منظوری دی گئی، فیڈرل بورڈ آف ریونیواس منصوبہ کی سپانسرنگ ایجنسی ہوگی۔اس منصوبہ کی کل لاگت 11074.16 ملین روپے ہوگی جس میں 9020 ملین روپے کی بیرونی امدادشامل ہے ۔یہ منصوبہ جون 2013 میں مکمل ہوگا۔ اس منصوبہ سے کی تکمیل سے پاکستان کی کراس بارڈر تجارت سے متعلق اشاریوں کی عالمی رینکنگ میں نمایاں بہتری آئیگی۔اجلاس میں بی آرٹی ریڈ لائن پراجیکٹ کراچی کی تعمیر کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک اوران کے شریک فنانسنگ شراکت داروں کیلئے لاگت کی شیئرنگ کے تناسب میں تبدیلی کی منظوری بھی دی گئی۔ اس منصوبہ کی کل لاگت 78384.33 ملین روپے ہیں جس میں 66378.33 ملین روپے کی غیرملکی امدادشامل ہیں۔ایکنک نے 29 اگست 2019 ئکو اس منصوبہ کی پہلے سے منظوری دی تھی۔ اجلاس میں یوایس پاکستان نالج کوریڈور(فیزون ) کے تحت پی ایچ ڈی پروگرام کی منظوری دی گئی۔اس منصوبہ کی کل لاگت 25266.274 ملین روپے ہے جس میں 24303.543 ملین روپے کی بیرونی امدادشامل ہے ۔نظرثانی شدہ پی سی ون کے تحت 1500 سکالرشپس کوکم کرکے ایک ہزار کردیا گیاہے ۔دریں اثنائچیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے ٹویٹ کی کہ پشاورسے کراچی تک 1872کلومیٹرطویل ایم ایل ون منصوبے پر 6.8ارب ڈالرلاگت آ ئیگی جبکہ ،حویلیاں ڈرائی پورٹ اوروالٹن اکیڈمی جدید بنانے کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ دریں اثناء اپنے ایک ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان می ں معاشی انقلاب برپا ہوگا۔ منصوبے کا کریڈیٹ عمران خان کی حکومت کو جاتا ہے ۔ ایم ایل ون پر اسی سال کام شروع ہوجائیگا، ریلوے کراسنگ پر اوور ہیڈ اور انڈر گراؤنڈ برج بنیں گے ، اس منصوبے سے ڈیڑھ لاکھ افراد کو روزگار ملے گا۔