فیصل آبا د ،سرگودھا، سیالکوٹ (سٹاف رپورٹر ،نامہ نگار، آن لائن) مختلف شہروں میں ہائی کورٹ بینچوں کے قیام کے لیے گزشتہ روز بھی عدالتوں کا بائیکاٹ جاری رہا ، وکلا نے 13 دسمبر کو لاہور میں دھرنے کا اعلان کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد، چنیوٹ، گوجرانوالہ، جھنگ، ساہیوال، سرگودھا سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ہائی کورٹ بینچ کے قیام کے لیے وکلا کی ہڑتال بدستور ہفتہ کو بھی جاری رہی جس کی وجہ سے سائلین کو شدید پریشانی کا سامنا کر نا پڑا۔وکلا کی جانب سے عدالتوں کے داخلی راستوں کو تالے لگا دئیے جاتے ہیں اور سائلین کو عدالتوں میں داخل نہیں ہونے دیا جاتا ہے ٗ ججز وکلا کی عدم پیشی کے باعث مقدمات کو بغیر سماعت کے اگلی تاریخوں پر منتقل کر رہے ہیں۔وکلاء رہنمائوں کا کہنا ہے کہ تیرہ دسمبر کو مال روڈ لاہور اپنے مطالبہ کے حق میں احتجاج کرینگے اور ہائیکورٹ بنچ کے قیام کا مطالبہ پورا ہونے پر ہی واپس آئینگے ۔ سرگودھا میں ہائیکورٹ بینچ کے قیام کیلئے وکلاء کی ہڑتال اور تالا بندی جاری رہی۔وکلاء نے سیشن ، اینٹی کرپشن کورٹ ، تحصیل آفس، اے سی آفس کے علاوہ لینڈ اراضی سنٹر کو بھی تالے لگا دیئے جس کے باعث سینکڑوں افراد کو انتقالات اور اراضی ملکیت کی رجسٹریشن نہ ہونے سے سرکاری خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا۔ احتجاجی کیمپ میں وکلاء کی کثیر تعداد دن بھر موجود رہی ۔سرگودھا بار کے سابق صدر چوہدری شمس نوید چیمہ اور ملک سلیم اختر نے کہا ہے کہ لاہور کے دھرنا کو کامیاب بنانے کیلئے گیارہ دسمبر کو سرگودھا میں ڈویژن بھر کے وکلاء سول سوسائٹی، تاجر، سیاسی و سماجی رہنماؤں کا کنونشن ہو گا ۔ گوجرانوالہ میں ہائی کورٹ بینچ کا قیام نہ ہونے کے خلاف سیالکوٹ، پسرور ، ڈسکہ اور سمبڑیال کچہریوں میں وکلاء کا عدالتوں کا بائیکاٹ ہفتہ کے روز بھی جاری رہا ۔ڈیرہ غازیخان بار کے وکلاء نے پانچویں روز بھی عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا اور تالا بندی کی۔