اسلام آباد (لیڈی رپورٹر) اسلام آباد ہائی کورٹ میں العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کے فیصلے پر سابق وزیر اعظم نواز شریف اور نیب کی اپیلوں کی سماعت آج ہو گی۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ اپیلوں کی سماعت کریگا۔ نواز شریف کی جانب سے طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہائی کی درخواست کی سماعت بھی اسی بنچ میں ہو گی۔ احتساب عدالت نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کا ٹرائل مکمل کرنے کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سات سال قید اور جرمانے کی سزاسنائی تھی جس پر وہ کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔ نواز شریف نے اپنی اپیل میں سزا کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے جبکہ نیب نے سزا میں اضافے کیلئے اپیل دائر کر رکھی ہے ۔ نیب نے نواز شریف کی فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں بریت کو بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے ۔ ادھر سابق وزیر اعظم نواز شریف نے طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہائی کی درخواست بھی دائر کی تھی جس پر نیب نے اپنے تحریری جواب میں کہا کہ گرفتار مجرم نواز شریف کو دستیاب بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ نواز شریف طبی بنیادوں پر ضمانت کے حق دار نہیں ،اسلئے درخواست ضمانت مسترد کر دی جائے ۔ ضمانت پر رہائی کی درخواست پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث آج بھی اپنے دلائل جاری رکھیں گے ۔