ملتان (نیوز رپورٹر)ہائیکورٹ ملتان بینچ نے نیب حکام سے علی گڑھ کالج حکام کووصولی کا نوٹس دینے پروضاحت طلب کرلی ہے ۔فاضل عدالت میں علی گڑھ بوائزکالج وسکول ایسوسی ایشن کے چیئرمین مولوی سلطان عالم انصاری نے مؤقف اختیارکیاتھاکہ وہ ملتان کے سابق ایم پی اے اورہائیکورٹ بارکے صدررہ چکے ہیں اورعلی گڑھ سکول ملتان میں تعلیمی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔مقامی ڈپٹی کمشنراورڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب ہاؤسنگ اینڈٹاؤن پلاننگ کے ایمائپرقبل ازیں سرکارکی جانب سے سکول کے پلاٹ کے عوض 160 ملین کرائے کی مدمیں وصول کرنے کانوٹس دے دیا گیا۔جس کے خلاف سول نگرانی عدالت میں زیرسماعت ہے ۔ عدالت نے 8 مارچ کوحکم امتناعی بھی جاری کررکھاہے لیکن اب انہیں حکام کے ایمائپرنیب ملتان نے 16 کروڑ79 لاکھ25 ہزارروپے کی خردبردکانوٹس جاری کردیاہے ۔جس پرعدالت نے نیب سے ایک ہفتے میں وضاحت طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے کرنے کاحکم دیاہے ۔