اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ججز، بیوروکریٹس اور سرکاری ملازمین کوپلاٹوں کی الاٹمنٹ سے متعلق کیس کا تفصیلی حکم جاری کردیا ہے جس میں کہاگیاہے کہ سیکٹر ایف 14 اور 15 کی قرعہ اندازی سے متعلق اٹارنی جنرل معاونت کریں۔ چیف جسٹس اطہرمن اﷲ اور جسٹس محسن اختر نے تفصیلی حکم جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ان سیکٹرز میں الاٹمنٹ کی قرعہ اندازی آئندہ سماعت تک معطل ہے ، امید ہے ایکوائرلینڈ سے متعلق حکومت آئندہ سماعت سے قبل پالیسی بنالے گی۔عدالتی حکم میں کہا گیا کہ جن متاثرین کی زمینیں لی گئیں ان کی حد تک حکم امتناع پر عمل نہیں ہوگا، اگر متاثرین تعاون نہیں کرتے تو اتھارٹی عدالت میں درخواست دے ، اتھارٹی آئندہ سماعت پر تمام درخواستوں پر تفصیلی جواب جمع کرائے ، وفاقی وزیرکی سربراہی میں قائم کمیٹی 20 اگست کے آرڈرکی نشاندہی مدنظر رکھے ۔عدالت نے کہا کہ ظاہر ہوا اتھارٹی کی ایکوائرلینڈ کی تقسیم کی پالیسی مفاد عامہ کے مطابق نہیں، سامنے آیا کہ کرپشن اور مس کنڈکٹ پر نکالے گئے ججوں کو بھی پلاٹ دئیے گئے ۔