لاہور (محمد فاروق جوہری ) مختلف اقدامات کرکے بھی حکومت پنجاب اور دیگر صوبوں میں ذخیرہ اندوزوں اور منافع خور مافیا کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ، حکومتی ریٹ لسٹ کے باوجود اشیا ئے خور و نوش بیس سے پچیس روپے تک مہنگی فروخت کی جارہی ہیں، دوسری طرف پرائس کنٹرول کمیٹیاں صرف ’’سب اچھا ‘‘ کی رپورٹ دینے پر اکتفا کئے بیٹھے ہیں، منافع خور مافیا نے اشیا از خود مہنگی کرنے کے ریکارڈ قائم کردئیے تاہم کمیٹیوں کے افسران چند ایک افراد پر مقدمہ درج کرکے خانہ پری میں مصروف ہیں اور اب تک کسی بڑے منافع خور کو گرفتار نہیں کیا گیا، روزنامہ 92انویسٹی گیشن رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے مہنگی چیزیں بیچنے کے خلاف فوڈ سٹاف کنٹرول ایکٹ 1958اور ایکٹ 1977کے سیکشن 4کے با وجود بھی حکومت کے ایک سال میں منافع خور مافیا نے از خود چیزیں مہنگی بیچنے کا ریکارڈ قائم کر دیا ، حکومت کی طرف سے بیس کلو آ ٹے کے تھیلے کی قیمت 790 روپے مقرر کی گئی تاہم مارکیٹ میں یہ 820 سے 830 روپے میں فروخت ہو رہا ہے ، مختلف برانڈز کے گھی کا سرکاری ریٹ 160سے لیکر 180تک ہے جو 220 سے لیکر 225تک فروخت ہو رہا ہے ، باسمتی سپر چاول 130 کے بجائے 155 تا 165، چنے کی دال 100 کے بجائے 120، دال مسور 110 کے بجائے 125، موٹی مسور 90 کے بجائے 105، دال ماش امپورٹڈ 160 کے بجائے 180 تا 200، کالے چنے 110 کے بجائے 120، سفید چنے 100 کے بجائے 110 تا 120 روپے میں فروخت کئے جا رہے ہیں، چینی کا سرکاری ریٹ 73روپے ہے تاہم یہ مارکیٹ میں 80 روپے میں مل رہی ہے ، مٹن کا سرکاری ریٹ 800 تا 900 ہے مگر یہ مارکیٹ میں 1200 تا 1400 میں دستیاب ہے ، بیف 325 کے بجائے 500 تا 600 میں فروخت ہو رہا ہے ، چکن 40 تا 50 روپے مہنگا مل رہا ہے ، ذخیرہ اندوز اور منافع خور مافیا اور سرکاری پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے گٹھ جوڑ کی وجہ سے عوام کو مہنگائی کی اس چکی میں پسنا پڑ رہا ہے ، لاہور میں روزانہ کی بنیاد پر ایک کار روائی کو پورا کرنے کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے کچھ ذمہ داران برائے نام کچھ مقدمات درج کرتے ہیں ، سزائیں اور جرمانے کئے جاتے ہیں مگر آ ج تک کسی بڑے منافع خور مافیا کے اہم افراد کو گرفتار نہیں کیا گیا ۔ریکارڈ مہنگائی کی اصل وجہ بھی حکومتی اداروں کی نا اہلی ہے ، 92نیوز رپورٹ کے مطابق چند شہروں میں تو پرائس کنٹرول کمیٹیاں خانہ پری کیلئے کام کر رہی ہیں ، زیادہ شہروں میں اور دیہاتوں میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں نہ ہونے کے برابر ہیں ۔