لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کیفے ٹیریا میں صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں انٹر سٹی ائیر کنڈیشنڈ بسوں پر مجوزہ سیلز ٹیکس واپس لینے کا فیصلہ کیاگیا ،کابینہ نے انٹر سٹی ائیر کنڈیشنڈ بسوں پر عائد مجوزہ سیلز ٹیکس واپس لینے کی اتفاق رائے سے منظوری دی۔وزیراعلیٰ نے مجوزہ ٹیکس واپس لینے کے حوالے سے فنانس بل میں ضروری ترمیم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اس ٹیکس کے واپس لینے سے صوبے کے عوام کو ریلیف ملے گا اور پنجاب حکومت آئندہ بھی عوام کو ریلیف دینے کے لئے مزید اقدامات کرے گی،انہوں نے کہاکہ مشکل اقتصادی حالات میں ساتھ دینے پر اپنی کابینہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پنجاب کی صوبائی کابینہ کے ارکان نے دن رات محنت کی جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں،پنجاب کا بجٹ صوبے میں ترقی اور خوشحالی کا پیغام لائے گا،صوبائی کابینہ کے اجلاس میں فیڈریشن اور صوبوں کے ما بین مشترکہ مالیاتی ذمہ داریوں پر مفاہمت کی یادداشت کی منظوری دی گئی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف مہم تیز کرنے کا حکم دیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب سے کہاکہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے متعلقہ اضلاع میں قبضہ گروپوں کی سرکوبی یقینی بنائیں۔ قبضہ گروپوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قبضہ مافیا خواہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اراضی اور جائیدادوں پر قبضے کرنے والوں کی جگہ جیل ہے ۔قبضہ گروپوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پنجاب اسمبلی کے کمیٹی روم میں فیصل آباد ڈویژن کے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی،4 گھنٹے میراتھون سیشن میں اراکین صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور فلاح عامہ پراجیکٹس کے حوالے سے تفصیلی گفتگوہوئی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ فیصل آباد ڈویژن میں آب پاک اتھارٹی کے تحت واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے ،جھنگ کے ریلوے سٹیشن کی تزئین و آرائش کے منصوبے کی منظوری وزارت ریلویز نے دے دی ہے ،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زرعی یونیورسٹی کے سب کیمپس کو اپ گریڈ کیا جائے گا،وزیراعلیٰ نے فیصل آباد میں سپیڈو بسیں مہیا کرنے کیلئے فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت کی،وزیراعلیٰ نے جنرل ہسپتال فیصل آباد میں 8ماہ سے ایم ایس کی تعیناتی نہ ہونے کے حوالے سے اراکین ا سمبلی کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ہسپتال میں ایم ایس جلد سے جلد تعینات کیاجائے ،وزیراعلیٰ نے ماضی کے دور میں تعمیر ہونے والی فیصل آباد ڈجکوٹ روڈ کی ناقص تعمیر کی شکایت کی انکوائری کا حکم دیا۔