لاہور(نمائندہ خصوصی سے ،جنرل رپورٹر، نیوز رپورٹر، سپیشل رپورٹر )حکومت پنجاب نے تین افسروں کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دئیے ۔ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق عباس رضا ناصر اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد کو تبدیل کر کے ان خدمات سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کے سپرد کرنے ،ایم کاشف اسسٹنٹ کمشنر(ریونیو) ساہیوال کو تبدیل کر کے اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد تعینات کر نے کیساتھ ساتھ افضل خان سیکشن آفیسر لوکل گورنمنٹ کو تبدیل کر کے کلکٹر (کنسالیڈیشن )ساہیوال تعینات کر دیا گیا ۔ادھر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے جناح ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عاصم حمید کو ناقص کارکردگی پر عہدے سے ہٹا دیا ۔فرش پر خاتون زہرہ بی بی کی ہلاکت میں معطل کئے گئے سابق ایم ایس ڈاکٹر ظفر یوسف کو قائم مقام ایم ایس جناح ہسپتال کاچارج سونپ دیا گیا۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ظفر یوسف کو2017ء میں فرش پر مرنے والی زہرہ بی بی کیس کی انکوائری کے بعد معطل کیا گیا تھا۔اب موجودہ ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر عاصم حمید کو محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے عہدے سے ہٹا دیا اور محکمہ کو رپورٹ کرنے کا حکم دیا ۔علاوہ ازیں ایف آئی اے حکام نے ناقص کارکردگی کی بناء پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ فخر عدیل اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان سردار مرون خان کو فوری چارج چھوڑنے کی ہدایت کر دی ہے اور انہیں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نارتھ کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔دریں اثنا محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے پنجاب ہیلتھ فیسلٹیز مینجمنٹ کمپنی میں بیوروکریٹ عرفان نواز میمن کو نیاچیف ایگزیکٹو آفیسر تعینات کر دیا ۔علاوہ ازیں آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے ڈی پی او اٹک ایس ایس پی حسن علوی کو تبدیل کرکے پی ایس او ٹو آئی جی پنجاب جبکہ ایس پی شہزاد ندیم بخاری کو ڈی پی او اٹک تعینات کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ تبادلے