پشاور(خبرنگار)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے دعویٰ کیا ہے کہ انتخابی اصلاحات اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے متعلق قانون اسی ہفتے منظور کرالیا جائے گا،اپوزیشن کے پاس قوم کیلئے اور مہنگائی کو کم کرنے کا کوئی آپشن نہیں، پی ڈی ایم کو ہمیشہ ناکامی ہوئی، پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے درمیان اختلافات ہیں، وہ کبھی ایک نہیں ہو سکتے ۔ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ ماضی میں ہونیوالے تمام انتخابات متنازع رہے ، الیکشن کوشفاف بنانے کیلئے ای وی ایم کو جگہ دینا ہوگی، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا مقصد بیرونی مداخلت کو روکنا ہے ، اس سلسلے میں تمام لوگوں کو بریفنگ دی جارہی ہے ، اگلے ہفتے اس حوالے سے قانون منظور ہو جائیگا۔اپوزیشن اتحاد کے حوالے سے شبلی فراز نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے بہترین پیکیج لائے جارہے ہیں، مولانا فضل الرحمن کی صورتحال واضح نہیں،وہ رینٹ اے کراؤڈبن چکے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے ، اسکی خوشحالی اور امن کا اثر پاکستان پر براہ راست ہوتا ہے ، افغانستان میں معاشی صورتحال ٹھیک نہیں جس کیلئے پاکستان سمیت دنیا بھر کو افغانستان کو مدد کرنا ہوگی، دنیا کو افغانستان کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں پورا ایکو نظام بنایا گیا ہے ، ماضی میں یہ شعبہ کافی نظر انداز رکھا گیا ہے ۔