لاہور(جنرل رپورٹر)ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال کے پراجیکٹ ڈائریکٹر شوکت ورک نے گزشتہ روز ہسپتال کے چیئرمین اور عالمی شہرت یافتہ ایٹمی سائنسدان ڈ اکٹر عبدالقدیر خان کی ہدایت پر ہسپتال کے ڈائلیسز سنٹر کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر ویڈیو لنک پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے فرداً فرداً مریضوں کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت یابی کے لئے دعا کی اور سنٹر کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں انہیں ویڈیو لنک پر ہسپتال کی نو منزلہ اور تین سو بستروں پر مشتمل نئی عمارت کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کرایا گیا۔ جس کے دوران انہوں نے انجینئراور ورکرز سے گفتگو کی اور تعمیراتی کام کی تفصیلات معلوم کیں اور انہیں کہا کہ کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ ہسپتال جلد سے جلد پایہ تکمیل کو پہنچے اور مستحق مریضوں کی خدمت کی جائے ۔علاوہ ازیں ہسپتال میں دماغی امراض میں مبتلا مریضوں کے لئے فری میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا۔ جس میں ماہر امراض دماغی و نفسیات و مرگی ڈاکٹر احسان الحق چشتی نے مریضوں کاتفصیلی معائنہ کیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر شوکت ورک نے اس موقع پر ہدایت کی کہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کا بھرپور خیال رکھا جائے ۔