لاہور (جنرل رپورٹر) معروف ایٹمی سائنسدان و محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی ہدایت پر ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے ڈائیلسز سنٹر میں مزید دو مشینوں کا اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ہسپتال میں گردوں کے مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ مریضوں کی سہولیات کے پیش نظر ڈائیلسز سنٹر میں مزید دو مشینوں کا اضافہ کیا گیا ہے تا کہ غریبوں کو علاج معالجے کی مفت سہولیات میسر آ سکیں۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر شوکت ورک نے ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ شوکت ورک نے مریضوں کی عیادت بھی کی اور انہیں مزید بہتر سہولیات دینے کی ہدایت کی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر شوکت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کی مین بلڈنگ کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ۔ ہسپتال کی تعمیر مکمل ہونے پر بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی اور ڈائیلسز سنٹر میں مشینوں کی تعداد 50کر دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں گردوں کے مرض میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اس مہنگے علاج ہونے پر غریب مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ غریبوں کی مشکلات کے پیش نظر ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ نے ڈائیلسز سنٹر بنایا ہے ۔ جہاں پر علاج کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔