ممبئی ( نیٹ نیوز) بھارتی ریاست مہارا شٹر کے دارالحکومت ممبئی میں رہنے والی متعدد شوبز شخصیات نے جولائی کے بجلی کے بے تحاشا بلوں پر ٹوئٹر پر احتجاج کیا جبکہ ارشد وارثی نے تو بلوں کی ادائیگی کیلئے گردوں کو فروخت کرنے تک کا عندیہ بھی دیدیا۔بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ارشد وارثی نے 5 جولائی کو اپنی متعدد ٹویٹس میں جون کے اضافی بل کی شکایت کی اور بتایا کہ ان کا ایک ماہ کا بل ایک لاکھ روپے سے زیادہ آیا ہے ۔انہوں نے اڈانی پاور کو لوٹنے والی کمپنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کسی طرح رواں ماہ کا بل تو ادا کر دیا لیکن اگلے مہینے کے بل کی ادائیگی کے لیے وہ اپنے گردے فروخت کریں گے ۔ ارشد وارثی کی جانب سے ٹویٹ کیے جانے کے بعد اڈانی پاور نے ان کی ٹویٹ پر جواب دیا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کا مسئلہ حل کرلیا جائے گا جس کے بعد ارشد وارثی نے اپنی چند ٹویٹس ڈیلیٹ بھی کردیں۔