اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)رواں مالی سال کے دوران پاکستان میں مختلف شعبوں میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 650 ملین ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے ۔ سرمایہ کاری بورڈ کے اعداد وشمار کے مطابق جولائی سے لے کر اکتوبر 2019 تک پاکستان میں مختلف شعبوں میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 650 ملین ڈالر سے بڑھ گیا ہے ۔گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 1.66 ارب ڈالر جبکہ مالی سال 2017-18 میں 3.47 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کا شعبہ سر فہرست رہا ہے جس میں مجموعی طورپر278.1 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری دیکھنے میں آئی۔گزشتہ مالی سال کے دوران اس شعبہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 55.7 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ تیل و گیس کا شعبہ بھی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی دلچسپی کا محور رہا جس میں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 40.8 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ۔ گزشتہ مالی سال کے دوران اس شعبہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 323.3 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔