لاہور(انور حسین سمرائ) ملک بھر میں کھانے پینے کی اشیا، ادویات اور زرعی اجناس میں ملاوٹ کے ذریعے عوام کی جان سے کھیلنے والے مافیا کیخلاف ایکشن میں صوبائی حکومتوں کی ناقص کارکردگی پروزیراعظم عمران خان نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے تمام چیف سیکرٹریز کو متحرک ہوکر ان جرائم میں ملوث افراد کیخلاف قانونی کارروائی کرنے کے احکامات دیئے ہیں ۔ تفصیل کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنی ہدایات میں کہا کہ غیر معیار ی و آلودگی شدہ اشیاء خورونوش، ادویات اور زرعی اجناس کی وجہ سے عام شہری کو صحت کے بڑے مسائل کا سامنا ہے جبکہ صوبائی حکومتیں ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں دلچسپی نہیں لے رہیں۔ وزیر اعظم نے تمام چیف سیکرٹریز کو متنبہ کیا کہ ملاوٹ عام ہے جس کی وجہ سے عام آدمی کیلئے صحت مند زندگی گزارنا مشکل ہوگیا ، تمام صوبائی حکومتوں کی مناسب توجہ نہ ہونے کی وجہ سے ملاوٹ شدہ اور آلودہ اشیا مارکیٹوں میں سرعام فروخت ہوتی ہیں اور انکے استعمال سے صارفین کو صحت کے مسائل ہیں۔ وزیر اعظم نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام صوبائی حکومتوں اور کمشنر اسلام آباد کو حکم دیا ہے کہ وہ صارف کیلئے مارکیٹس میں کھانے پینے کی اشیا، ادویات اور زرعی اجناس کی ملاوٹ سے پاک فراہمی کو یقینی بنائیں، اعلیٰ کوالٹی کی کھانے پینے کی اشیا، ادویات اور زرعی اجناس کو مناسب قیمت پر عوام کو فراہم کرنے کے اقدامات کریں اور ہفتہ وار رپورٹ ایوان وزیر اعظم کو بھجوائیں تاکہ ان سماجی برائیوں کا ملک بھر میں خاتمہ کیا جاسکے ۔ ایوان وزیر اعظم نے اپنی ہدایات کیساتھ پرفارمہ بھی بھجوایا ہے تاکہ تمام اشیا کے معیار اور ملاوٹ سے پاک ہونے کے بارے میں صوبائی حکومتیں تمام مارکیٹوں کی سخت مانیٹرنگ کریں اور بلا تفریق ان جرائم میں ملوث مافیا کیخلاف ایکشن لیا جائے ۔ ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ اشیا ء خورونوش اور ادویہ کے بین الاقوامی معیارات کو برقرار رکھنے اور مناسب قیمتوں کے حوالے تمام وسائل کو استعمال کریں تاکہ عام آدمی کو ریلیف دیا جاسکے ۔چیف سیکرٹری پنجاب نے صوبائی سیکرٹریز خوارک،زراعت، پبلک ہیلتھ اور ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کو ہدایات جاری کردی ہیں تاکہ وزیراعظم کے احکامات پر عمل کیا جاسکے ۔