حافظ آباد،پاکپتن ( ڈسٹرکٹ رپورٹر،92 نیوز رپورٹ ) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے نواز شریف اپنی چوری بچانے کیلئے اس حد تک پہنچ گئے ہیں کہ بھارت کی زبان بول رہے ہیں۔حافظ آباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا سیاسی مخالفین نے ملک میں سرکس لگا رکھی ہے ۔اپوزیشن جان لے آپ سب کا مقابلہ مجھ سے ہے ۔جو مرضی کرلیں، جتنے مرضی جلسے کر لیں ، جب تک ملک کا لوٹا پیسہ واپس نہیں کریں گے ، آپ کو نہیں چھوڑوں گا۔ اپوزیشن دور میں نیب غلام تھا ، ہمارے دور میں آزاد ہے ، ہم نے ان کیخلاف نئے کیسنہیں بنائے ، یہ انہوں نے ایکدوسرے کیخلاف بنائے تھے ، یہ کہتے ہیں ان سے چوری کانہ پوچھا جائے ،جب میں نہیں مانا تو انہوں نے اداروں پر حملے شروع کیے ۔ ان لوگوں نے 30 سال ملک کو لوٹا، یہ امیر ہو گئے ، قوم کو قرضوں میں ڈبو دیا۔ ان لوگوں نے پہلے کورونا پر مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کی لیکن اللہ نے ہمیں کورونا سے بچایا ، پھر ان لوگوں نے فیٹف کے معاملے پر بلیک میل کرنے کی کوشش کی لیکن جب اس میں بھی ناکام ہو گئے تو فوج کے سربراہ کیخلاف سازش شروع کر دی۔ نواز شریف نے ایسی عجیب شکل بنائی کہ کابینہ میں بھی 2 خواتین کی آنکھوں میں آنسو آگئے لیکن لندن کی ہوا لگتے ہی نواز شریف کی ساری بیماری ختم ہوگئی۔ نواز شریف اپنی چوری بچانے کیلئے اس حد تک پہنچ گئے کہ بھارت کی زبان بول رہے ہیں۔ انہوں نے آرمی چیف اور آئی ایس آئی چیف پر حملے شروع کر دیے ، وہ آدمی لندن میں بیٹھ کر ہماری فوج کیخلاف سازش کررہا ہے ، میں نوازشریف جیسے میر جعفر، میر صادق اور میر ایاز صادق کامقابلہ کروں گا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا عمران خان کی وجہ سے اسلام خطرے میں ہے ، میری وجہ سے نہیں ان جیسے لوگوں کی وجہ سے اسلام خطرے میں ہے ۔ چیلنج کرتا ہوں میرے علاوہ کس نے ناموس رسالت ﷺ کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا؟ میں نے یہ سب ووٹ کیلئے نہیں کیا بلکہ یہ میرے ایمان کا معاملہ ہے ۔وزیراعظم نے کہا ملکی تاریخ میں صرف1970میں شفاف انتخابات ہوئے اس کے علاوہ ہر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات لگے ،2018 کے انتخابات پر ہم نے پہلے ہی کہا ہم حلقے کھولنے کیلئے تیار ہیں، (ن) لیگ نے دھاندلی پر صرف 11 درخواستیں دائر کیں، ہم ایسا الیکشن کرائیں گے جو ہارے گا وہ بھی مانے گا الیکشن شفاف ہوئے ،الیکٹرانک ووٹنگ پر بھی کام کررہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہاحکومت کا فرض ہے عوام کی ضروریات کو پورا کیا جائے ، پاکستان جیسی ہیلتھ انشورنس ترقی یافتہ ممالک میں بھی نہیں،رواں سال پنجاب کے 50 فیصد عوام کی ہیلتھ انشورنس ہوجائے گی، جس سے ہر خاندان کا10 لاکھ روپے تک کسی بھی سرکاری یا پرائیوٹ ہسپتال میں مفت علاج ہوسکے گا،2021 میں پنجاب کی تمام آبادی کو صحت کارڈ کی سہولت دستیاب ہوگی۔ ہم نے غریبوں کیلئے پناہ گاہوں کا منصوبہ شروع کیا، روٹی ،کپڑا اور مکان کی بات تو پہلے بھی کی گئی لیکن اب حقیقی معنوں میں غریب اپنا گھر بناسکیں گے ، غربت کم کرنے کیلئے پالیسیاں بنارہے ہیں، ملک کو فلاحی ریاست بنانے کا سفر شروع ہوچکا، پاکستانی قوم ایک عظیم قوم بننے جارہی ہے ۔وزیر اعظم نے سائنس اینڈ آرٹس یونیورسٹی آف حافظ آباداور 400بیڈ کے جدیدڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر زہسپتال کا بھی سنگِ بنیاد رکھا جبکہ حافظ آباد میں کیڈٹ کالج کے قیام کی بھی نوید سنائی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور کبھی ذاتی مفادات کو سیاست میں آڑے نہیں آنے دیا۔عمران خان کی قیادت میں ایمانداری اور دیانتداری سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور خدمت کرتے رہیں گے ۔ پنجاب کو ماڈل صوبہ بنائیں گے اور وسطی، شمالی اور جنوبی پنجاب کو ان کا حق دیا جائے گا۔ عمران خان نے جب اپوزیشن کو این آر او دینے سے انکار کر دیا تو انہوں نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا۔ میں اپوزیشن کو یاد دلاتا ہوں وہ ماضی میں ووٹ کو عزت کتنی دیتے رہے ہیں۔ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والی اپوزیشن نے ہی ووٹ کا تقدس پامال کیا۔قبل ازیں وزیراعظم نے پاکپتن میں دربار حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ پر حاضری دی، مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی۔وزیراعظم کا دورہ انتہائی خفیہ تھا۔ انتظامیہ کو عین موقع پر وزیراعظم کی آمد کی اطلاع ملی جس پر ہنگامی بنیادوں پر سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے ۔ بعد ازاں وہ بذریعہ ہیلی کاپٹر حافظ آباد روانہ ہوگئے ۔