لاہور،کراچی ،پشاور(نمائندہ خصوصی سے ،نمائندہ 92 نیوز ،صبا ح نیوز)پیپلز پارٹی نے سپریم کورٹ سے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے آڈیو پر سووموٹو ایکشن لینے کا مطالبہ کردیا ،وفاقی حکومت کو بھی صوبائی معاملات میں مدا خلت پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں پورے زور و شور سے میدان میں اتر چکی ہے ، پیپلز پارٹی کو میاں ودود حسن ڈار جیسے ورکروں کی ضرورت ہے تاکہ پارٹی پنجاب میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بلاول ہاؤس لاہور میں ملاقات کیلئے آنیوالے پی پی سٹی گوجرانوالہ کے صدر میاں ودود حسن ڈار سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرانہوں نے گوجرانوالہ آنے کی دعوت قبول کر لی۔ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ’مدر اینڈ چائلڈ سپورٹ پروگرام‘ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں نوزائیدہ اموات کی شرح میں 30 فیصد سے زائد کمی آئی ہے ، ہم عوام سے یہ وعدہ نہیں کرسکتے کہ معیشت بہتر ہوگی مگر یہ وعدہ ضرور کرتے ہیں کہ جب آپ تکلیف میں ہونگے آپکو اس تکلیف سے نکالیں گے اور ہم نے یہ کام کرکے دکھایا بھی ہے ،غربت مٹائو پروگرام سے 30 ملین خاندانوں کو فائدہ مل رہاہے ۔سندھ حکومت کے غربت مٹائو پروگرام سے بلاسود قرضے دیئے جارہے ہیں ۔ سید خورشید شاہ نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کو کمزور نہیں دیکھنا چاہتے ۔ اﷲ کرے سابق چیف جسٹس کی آڈیو جھوٹ ہولیکن اگر ثاقب نثار عدالت نہیں جاتے تو آڈیو درست تصور کی جائے گی۔ ایک بات پر اپوزیشن متفق ہے کہ حکومت گھر جائے یہ ایک عذاب ہے ۔