لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کپ کے نویں راؤنڈ کے اختتام پر ناردرن، سندھ اور کے پی نے اپنے اپنے میچ جیت لئے ، این بی پی سپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے بلوچستان کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔ناردرن نے 250 رنز کا ہدف 46.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔اس سے قبل بلوچستان کی ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز ہی بناسکی۔ یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں خیبر پختونخوا نے سنٹرل پنجاب کو 69 رنز سے شکست دیدی۔ خیبر پختونخوا نے مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنائے ۔ فخر زمان نے 92 رنز کی اننگز کھیلی ۔جواب میں سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 44.3 اوورز میں 259 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سٹیٹ بنک سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے سدرن پنجاب کو پانچ وکٹوں سے ہرادیا۔ سندھ نے 349 رنز کا مطلوبہ ہدف 46.5 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سعد علی 78 اور انور علی 69 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ صہیب مقصود اور شان مسعود کی سنچریاں رائیگاں گئیں۔