اسلام آباد،کراچی (سپیشل رپورٹر،سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ حکومت غریب طبقے کے اپنا گھر خریدنے کے خواب کو پورا کر رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیا پاکستان ہاؤسنگ کے تحت فراش ٹائون اسلام آباد میں کم قیمت2000 سستے گھروں کی قرعہ اندازی کی تقریب میں کیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر مملکت فرخ حبیب،چیئر مین نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر بھی موجودتھے ۔اس موقع پر وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ گھروں کی الاٹمنٹ میں شفافیت کو یقینی بنایا ۔ انور علی حیدر نے وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ فراش ٹاؤن منصوبہ میں ایک اپارٹمنٹ میں 3 لاکھ حکومت سبسڈی دیگی جس کی بدولت فی یونٹ لاگت 29 لاکھ رہ جائیگی۔ ماہانہ قسط 13 ہزارروپے ہوگی ۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے آئی ٹی شعبہ میں مراعات پر اجلاس سے خطاب میں کہا کہ باصلاحیت نوجوان فری لانسرز کو سہولیات کی فراہمی سے زرمبادلہ میں اضافہ ممکن ہوگا۔ ملکی آئی ٹی برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ حکومت ملکی معیشت کی ترقی کیلئے زیادہ استعداد والے شعبوں کو مراعات فراہم کر رہی ہے ۔ صنعتی اور آئی ٹی شعبے کی ترقی کیلئے حکومت نے تاریخی پیکیج دیا،بڑے پیمانے پر اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ علاوہ ازیں راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ والٹن لاہور کے منصوبوں پر پیشرفت کاجائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ راوی اربن اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے ماحولیاتی توازن اور بہتری کیلئے بہت اہمیت کے حامل منصوبے ہیں۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار ان منصوبوں کے ذریعے وسائل کو صحیح طریقے بروئے کارلایا جا رہا ہے ۔ یہ منصوبے اس لحاظ سے مثالی ہو نگے کہ انکے ذریعے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری آئیگی۔دریں اثناوزیر اعظم نے ٹویٹ میں کہا کہ میں 24سال بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ پاکستان میں کرکٹ سے محبت کرنیوالے ہمیشہ آسٹریلوی کرکٹ کا بہت احترام اور تعریف کرتے ہیں اور ہم سب ایک انتہائی سخت مقابلے والی اور دلچسپ سیریز کے منتظر ہیں، دونوں ٹیموں کیلئے گڈلک۔ علاوہ ازیں وزیراعظم سے سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال، قومی صحت کارڈ کی عوامی پذیرائی پر تبادلہ خیال ہوا۔ اعجاز الحق نے عوام کو معیاری صحت کی سہولتیں دینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور درخواست کی کہ وہ متعلقہ حکام کو بہاولنگر کی صنعتی ترقی کیلئے اقدامات کی ہدایت کریں۔وزیراعظم نے عوام کو ریلیف کیلئے ہر ممکن اقدامات کی یقینی دہانی کرائی،ملاقات میں سردار عبدالسمیع بھی شریک ہوئے ۔علاوہ ازیں وزیر اعظم سے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر اسد عمر نے ملاقات کی جس میں صوبہ سندھ میں وفاقی حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں ، اتحادیوں کیساتھ تعلقات اور صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔گورنرسندھ کے قریبی ذرائع کاکہناہے کہ وزیراعظم 9 مارچ کو کراچی کا دورہ کرینگے اور ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد بھی جائینگے ۔گورنرسندھ نے وزیراعظم کواتحادی جماعتوں کے نقطہ نظرسے متعلق تفصیلی آگاہ کیا ۔