جنیوا(این ین آئی)لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی غسلان سلامہ نے زور دیا ہے کہ لیبیا میں جنگ کا دائرہ مزید وسیع نہیں ہونا چاہیے بلکہ تمام متحارب فریقین کو اقوام متحدہ کی زیرنگرانی جاری امن بات چیت کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔عرب ٹی وی چینلوں کو دیئے گئے انٹرویو میں غسلان سلامہ نے کہا کہ لیبیا کا بحران بڑی حد تک اعتماد کا بحران ہے ۔ جنیوا میں اقوام متحدہ کی کوششوں سے ہونے والے مذاکرات میں تمام فریقین کو سنجیدگی کے ساتھ اعتماد سازی کی فضاء قائم کرنا ہوگی۔انہوں نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ لیبیا میں لڑائی اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کو بڑھانے کے خلاف ہے ۔ ہم تمام فریقین سے مسلسل زور دے رہے ہیں کہ وہ جنگ بندی پرقائم رہیں۔ شہریوں کو بنیادی سہولیات تک رسائی دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ لیبیا میں اسلحہ کی غیرقانونی ترسیل پر ہرصورت میں پابندی عاید کی جانی چاہیے ۔اس حوالے سے اقوام متحدہ کا امن مشن لیبیا میں اسلحہ کی اسگلنگ کی کارروائیوں کی نگرانی کررہا ہے ۔غسان سلامہ نے مزید کہا کہ لیبیا میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے برلن روڈ میپ کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے ۔ یہ روڈ میپ گذشتہ ماہ برلن میں منعقدہ سمٹ کے دوران اپنایا گیا تھا۔