اسلام آباد،ایودھیا(92نیوزرپورٹ،صباح نیوز)پاکستان نے بھارت میں تاریخی بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کاآغازکرنے کی شدید مذمت کی ہے ۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارت اسلام دشمن گھنائونے منصوبے پرعمل پیراہے ،تاریخی بابری مسجد5صدیوں تک موجود رہی،ہندوستانی عدالت عظمیٰ نے ناانصافی پرمبنی فیصلے سے مندرکی تعمیرکی راہ ہموارکی،بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوازم انصاف پر حاوی ہے ، بھارت میں اقلیتوں خصوصا مسلمانوں کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ،تاریخی مسجد کی جگہ مندر کی تعمیرنام نہاد بھارتی جمہوریت پر بدنما داغ کے طور پر رہے گا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں بڑھتی انتہاپسندی ،مذہبی منافرت علاقائی امن کیلئے خطرہ ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ بھارت مسلمانوں سمیت اقلیتوں،انکی عبادتگاہوں کاتحفظ یقینی بنائے ۔عالمی برادری اوراقوام متحدہ بھارت میں ہندوتواحکومت سے اسلامی ورثہ اور مسلمانوں سمیت اقلیتوں کے مذہبی حقوق کاتحفظ یقینی بنائے ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا دوٹوک اور واضح موقف ہے ،پاکستان کی جانب سے جاری کیا گیا سیاسی نقشہ اس کے پختہ عزم کا عکاس ہے ۔قبل ازیں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایودھیا میں متنازعہ رام مندر کا سنگِ بنیاد رکھ کر اپنی جماعت بی جے پی کی مسلم دشمنی اور نفرت آمیز منشور کی تکمیل کردی۔آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی کا کہنا ہے کہ رام مندر کا سنگ بنیاد رکھ کر بھارتی وزیراعظم مودی نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ہے ۔ مودی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسد الدین اویسی کا کہنا تھا کہ بھارت ایک سیکولر ملک ہے لیکن آج کا دن جمہوریت اور سیکولرازم کی شکست اور ہندوتوا کی کامیابی کا دن ہے ۔