لاہور،قصور (نمائندہ خصوصی سے ، ڈسٹر کٹ رپورٹر ) عظیم صوفی شاعر حضرت بابا بلھے شاہ ؒ کے 262ویں سالانہ عرس کی تقریبات قصور میں شروع ہو گئیں۔ صوبائی وزیر اوقاف پنجاب صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ نے رسم چادر پوشی سے عرس تقریبات کا افتتاح کیا جبکہ وزیر اوقاف و مذہبی امور صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ نے سالانہ عرس کے موقع پر مزار پر انوار کے غسل کی رسم تاخیر سے شروع ہونے اور غسل کی رسم کے دوران ہونے والی بد نظمی/دھکم پیل کو بنیاد بنا کر سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور ذوالفقار احمد گھمن کو ہدایت کی کہ فوری طور پر منیجر اوقاف قصور گلاب ارشاد کو معطل کر کے وہاں منیجر داتا دربارشیخ جمیل کو تعینات کر دیں۔ ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر اوقاف کے احکامات کی تکمیل کر دی گئی۔گلاب ارشاد کومعطل کر کے ہیڈ آفس رپورٹ کرنے ،جبکہ منیجر داتا دربار شیخ جمیل کو تبدیل کر کے منیجر قصور سرکل تعینات کردیا ۔شیخ جمیل نے اعلیٰ حکام کی ہدایات کے پیش نظر رات گئے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔قبل ازیں سالانہ عرس تقریبات کے پہلے روز دوپہر کے وقت میں مزار پر انوار حضرت بابا بلھے شاہ ؒ کو منوں عرق گلاب سے غسل دیا گیا جس میں چیئر مین امور مذہبیہ کمیٹی مہر یاسین، ممبران کمیٹی مہر سلیم، مہر اشتیاق احمد، حاجی غلام حسین بھولا، حاجی سعید، طارق مغل، محمود الٰہی سمیت عمائدین شہر کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ دیگر بھی شریک ہوئے ۔ صوبائی وزیر اوقاف صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ نے ملک و ملت کی سلامتی، سربلندی، اس کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت، مقبوضہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔ سالانہ عرس کے پہلے روز ہفتہ کو بعد نماز عشاء محفل مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا جبکہ رات 12بجے محفل نعت شروع ہوئی جو نماز فجر سے کچھ دیر قبل تک جاری رہی۔عرس کی تقریبات کل شام تک جاری رہیں گی۔