میں اپنی بات یا اپنی رائے دوسروں تک نہیں پہنچا سکتی۔۔۔کوئی کسی بارے میں مجھ سے سوال کرے یا کسی معاملے پر رائے پوچھے تو میں چاہے ٹھیک بھی ہوئوں ،گھبرا جا تی ہوں۔(ندا سلیم،فیصل آباد)

ندا آپ کچھ باتوں کا خیال رکھا کریں۔خود کی رائے کو اہمیت دینا سیکھیں۔تمام انسان برابر ہیں اور ہر انسان اپنی رائے دینے کا اتنا ہی حق رکھتا ہے ،جتنا کو ئی دوسرا۔اگر آپ کویہ ڈر ہے کہ آپ کی رائے دوسرے سے مختلف ہو ئی تو دوسرا برا مان جائے گا تو ایک بات ذہن نشین کر لیںکہ اختلاف رائے سے ہی نئے خیالات ترتیب پاتے ہیں۔آپ ان الفاظ کو استعمال کیا کریں ۔’’میری رائے میں ‘‘ یا ’’مجھے ایسا محسوس ہو تا ہے‘‘یا ’’میرا خیال ہے‘‘۔اس سے یہ تا ثر بن جائے گا کہ آپ کسی بات کو غلط نہیں کہہ رہی ہیں بلکہ اپنا مدعا بیان کر رہی ہیں۔

اپنی رائے کے ساتھ ساتھ دوسروں کی رائے کو اہمیت دینا سیکھیں۔مثلا َاپنی رائے دینے سے پہلے ایسا کہیں کہ ’’ آپ کی بات اپنی جگہ درست ہے مگر مجھے ایسا لگتا ہے ،یا پھر ’’ آپ نے درست فرما یا مگرایک اور پہلو بھی ہے ،‘‘وغیرہ۔وقت لینا سیکھیں۔جیسے اگر آ پ کو کسی بات کا فوری جواب نہیںسوجھ رہا تو مدمقابل سے اس طرح کہیں کہ ’’میں آپ کا اس بات کا کچھ دیر تک جواب دیتی ہوں،مجھے تھوڑا وقت دیں‘‘۔پھر اچھی طرح سوچ سمجھ کر اپنی رائے دیں۔اگرکو ئی آپ سے اختلاف کرتا ہے تو اسے قبول کرنا سیکھیں۔کیونکہ ہر انسان دوسرے سے الگ ہے ۔