ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز بھی بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا - زرعی ماہرین نے حالیہ بارشوں کے باعث گندم کی فصل پر زرد کنگی جبکہ آم کے باغات پر بھی مختلف بیماریوں کے حملوں کا خدشہ ظاہر کر دیا - تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ دوسرے روز بھی مسلسل بارش کا سلسلہ جاری رہا - جس سے گندم اور آم کی فصل پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں - زرعی ماہرین کے مطابق حالیہ بارشوں کی وجہ سے نمی کی شرح بڑھی ہے ، نمی بڑھنے سے گندم کی فصل پر زرد کنگی کے حملے میں زیادہ شدت آئے گی جبکہ آم کے باغات پر بھی سفوفی پھپھوندی سمیت مختلف بیماریاں حملہ آور ہو سکتی ہیں - زرعی ماہرین نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ محکمہ زراعت کی مشاورت سے اپنی فصلوں کو سپرے کریں تاکہ بیماریوں سے بچا جا سکے - ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق زرد کنگی کے حملے سے نمٹنے کے لئے زراعت عملے کی طرف سے امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔