نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارت کی ایک خاتون وائرلوجسٹ منال دکھاوے بھوسلے نے ملک میں کورونا وائرس کی پہلی ٹیسٹنگ کٹ تیار کر لی، جس سے زیادہ تعداد میں مریضوں کی تشخیص میں مدد ملے گی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ڈاکٹر منال بھوسلے حاملہ تھیں اور انہوں نے بچے کی پیدائش سے صرف چند گھنٹے قبل ٹیسٹنگ کٹ تیار کر کے بھجوا دی تھی۔ ڈاکٹر منال پونے میں واقع ایک نجی لیب میں کام کرتی ہیں اور یہ پہلی کمپنی ہے جسے کٹس بنانے اور بیچنے کی منظوری ملی ۔ڈاکٹر منال نے بتایا یہ کٹ اڑھائی گھنٹے میں کورونا کی تشخیص کر لیتی ہے جبکہ درآمد شدہ کٹ کو اس عمل میں سات گھنٹے لگتے ہیں، میری ٹیم نے ریکارڈ 6ہفتوں میں کام مکمل کیا جبکہ عام طور پر اس میں تین سے چار ماہ لگتے ہیں۔ہم نے یہ کام چیلنج سمجھ کر کیا تاکہ لوگوں کی خدمت ہو سکے اور میری ٹیم نے بہت محنت کی۔