لاہور(خصوصی نمائندہ)سپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ(ق) پنجاب کیصدر چودھری پرویزالٰہی سے وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل چودھری اکرم نے وفد کے ساتھ ملاقات کی۔ وفد میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آصف محمود چیمہ، ممبر پنجاب بار کونسل چودھری سرور اور علی ریاض کرمانی شامل تھے ۔ وفد نے چودھری پرویزالٰہی کو پنجاب بار کے مسائل سے آگاہ کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا وکلا ہمارے معاشرے کا بڑا اہم جزو ہیں، معاشرے کی اصلاح میں وکلاکو اپنا کردار فعال کرنے کی ضرورت ہے ، عدالتوں کے ذریعے وکلا عوام کو فوری اور سستا انصاف کے حصول میں معاونت کرتے ہیں، وکلا نے ہمیشہ قانون کی بالادستی کیلئے کام کیا ہے ۔میری کوشش ہو گی بار کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ۔سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کینیڈا کی رکن اسمبلی سلمیٰ زاہد کو کینیڈین سٹینڈنگ کمیٹی برائے سٹیزن شپ اور امیگریشن کی چیئرپرسن منتخب ہونے پر فون کر کے مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا اوورسیز پاکستانی دیگر ممالک میں اپنی خدمات پیش کرکے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ سلمیٰ زاہد نے چودھری پرویزالٰہی سے سابق وزیراعظم چودھری شجاعت کی طبیعت کے متعلق دریافت کیا اور اپنی کمیٹی اور دیگر ارکان اسمبلی کیساتھ پاکستان کے دورے کی خواہش کا اظہار کیا۔