نئی دہلی( 92 نیوزرپورٹ )بھارت میں ہونے والے حالیہ انتخابات میں ملک کی قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی کامیابی کے اعلان کے دوسرے ہی روز مشتعل ہجوم نے مبینہ طور پر گائے کا گوشت لے جانے والے مسلمان جوڑے کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنا دیا، مشتعل ہجوم میں شامل افراد، جن میں سے بعض نے چہرے ڈھانپ رکھے تھے ، نے نوجوان کو ڈنڈوں اور لاتوں سے تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے نازیبا الفاظ سے بھی پکارتے رہے ، نوجوان ان سے رحم کی اپیل کرتا رہا، ہجوم نے نوجوان کو مجبور کیا کہ وہ اپنی اہلیہ پر تشدد کرے ، جس کے نتیجے میں نوجوان نے اپنی اہلیہ کے سر میں جوتے برسائے اور ساتھ ہی ان سے ’’جے شری رام‘‘ کے نعرے بھی لگوائے گئے ، بھارت کی ایک سماجی رضاکار رچنا دھینگرا نے مذکورہ ویڈیو کو ٹویٹ کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ حکام اس افسوسناک واقعے کا نوٹس لیں گے ، کچھ بھارتیوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ ریاست اور اس کے وزیراعلی کا ہے اور اس حوالے سے ملک کے وزیراعظم نریندر مودی سے سوال کرنا نا مناسب ہے ۔