ملتان(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کررہا ہے ۔ہندوستان نے اس مقصدکیلئے ایک سیل بنایا ہے جس کے لیے 80 ارب کے لگ بھگ رقم مختص کی گئی ہے ۔ حکومت پاکستان نے اپنے خدشات سے عالمی برادری کوآگاہ کردیا ہے ۔ بھارتی ہتھکنڈوں پرپاکستان خاموش نہیں رہے گا۔بھارت کا رویہ غیر ذمہ دارانہ ہے اس کو ہر محاذ پر ناکامی ہوگی۔خطے میں امن نہ صرف ہماری خواہش ہے بلکہ اولین ترجیح ‘ لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ۔ کسی بھی قسم کی جارحیت کی صورت میں بھرپور جواب دیں گے ۔ پاکستان کی طرف دیکھنے والی میلی آنکھ کو نکال باہر کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہا انہوں نے گزشتہ روز عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں این اے 156 کی مختلف کونسلوں 17'18'21'63 کے دورہ کے دوران تقریبات سے خطاب ‘ وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا ہندوستان کی جانب سے مسلمانوں کی نسل کشی کے حوالے سے عالمی برادری میں سخت پائی جاتی ہے ۔ پاکستان، پہلے ہی سے مختلف فورمز پر اس تمام صورتحال کی نشاندہی کر چکا ہے اور اپنی تشویش کا اظہار کرتا چلا آ رہا ہے ۔ہماری تشویش کل بھی درست تھی اور آج بھی درست ہے ۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالات مزید خراب ہوتے چلے جا رہے ہیں ۔ قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے این اے 156 کا موٹرسائیکل پر دورہ کیا۔ حلقے کے کارکنوں اور دیگر شہریوں سے مسائل دریافت کئے ۔ موٹر سائیکل پر وزیر خارجہ کو دیکھ کر کارکنوں اور شہریوں نے مسرت کا اظہار کیا۔