نیویارک ،اسلام آباد ( ندیم منظور سلہری ،سپیشل رپورٹر ،ایجنسیاں ،نیٹ نیوز ) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فلسطین کی طرح کشمیر میں بھی حق خود ارادیت کی ضرورت ہے ،وزیر اعظم عمران خان سوداگر نہیں جو کشمیر کا سودا کریں، مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک مؤقف ہے ، انہوں نے بھارت کا نام لئے بغیر کہا کہ اگر کوئی باعزت طریقے سے بات کرنا چا ہے تو کریں گے لیکن کشمیر پر کوئی سودے بازی نہیں ہو گی ۔تفصیلات کے مطا بق شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی پالیسی اور جبر پر گفتگو کرنا تعصب نہیں ، پڑوسی کے ساتھ امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں مگر ہمارے ایشوز ہیں انہیں بات چیت سے حل کرنا چاہتے ہیں،اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی مثبت قدم ہے مگریہ ناکافی ہے ، امت مسلمہ کے تمام ممالک سے اچھے تعلقات ہیں، ہم کسی کیمپ میں نہیں جارہے ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلانے کیلئے کوشاں ہیں ، پاکستانی کمیونٹی نے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کو امن سفارتی مشن کی کامیابی پر مبارکباد دی۔وزیر خارجہ نے پاکستانی قونصلیٹ نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین اور کشمیر کو حل کیے بغیر مشرق وسطیٰ اور برصغیر میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا ،غزہ میں سیز فائر کا اعلان پاکستان سمیت او آئی سی ممالک کی بہت بڑی کامیابی ہے ۔ پاکستان کے سفیر اسد مجید خان اور اقوام متحدہ میں مستقل نمائندے منیر اکرم اور پریس قونصلر ڈاکٹر مریم شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیر خارجہ نے کشمیری رہنماؤں کے وفد سے بھی ملاقات کی ، وفد کی قیادت ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے ،عالمی برادری کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا جنوبی ایشیا میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، نہتے کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی معاونت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔ کشمیری رہنماؤں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کرنے پر وزیر خارجہ کو مبارکباد دی ۔ وزیر خارجہ نے امریکی ایوان نمائندگان ایشیاپیسیفک اور عدم پھیلاؤ سے متعلق ذیلی کمیٹی کے سربراہ کانگریس مین ایمی بیرا اور اعلی رکن سٹیون شابٹ سے نیویارک میں بذریعہ ویڈیو لنک ملاقات کی۔شاہ محمود کا کہنا تھا کہ امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد، سٹریٹیجک شراکت داری کے فروغ کے خواہاں ہیں ۔ شاہ محمود کا امریکی کانگریس میں پاکستانی کاکس کے شریک چیئرمین اور کانگریس کے بااثر رکن تھامس سوازی کے ساتھ بذریعہ ویڈیو لنک رابطہ ہوا ۔ فلسطین امن سفارتی مشن کے حوالے سے اپنے بیان میں وزیر خارجہ نے کہاہے کہ فلسطینیوں، کشمیریوں کو آبادیاتی تناسب میں تبدیلی کے خطرات لاحق ہیں ،مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے بھی مل کرآوازاٹھانے کی ضرورت ہے ۔ وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل کے صدر ایمبیسڈر ژانگ جُن سے غیر رسمی ملاقات میں فلسطین امن سفارتی مشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے مسئلے پر ہماری اور چین کی سوچ میں بہت مماثلت ہے ۔