پشاور(92نیوز) وفاقی وزیر مذہبی ڈاکٹر پیر محمد نورالحق قادری نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو ترنوالہ نہ سمجھے ، یہ اسلامی ایٹمی ملک ہے ،آئندہ بھی جارحیت کی کوشش کی تو اس سے بھی سخت جواب دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہاریونیورسٹی آف پشاور میں ڈاکٹر پروفیسر طاہرالقادری کی کتاب قرآنک انسائیکلوپیڈیا کی تقریب رونمائی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب کی صدارت ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے فرزند ڈاکٹر حسین محی الدین نے کی ۔نورالحق قادری نے کہا کہ پاکستان ذمہ دار اسلامی ملک ہے اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرتا ہے ، بھارت کی طرح ہمارے سر پر جنگی جنون سوار نہیں ،ہم خطے میں امن چاہتے ہیں لیکن اس کا ہر گز مطلب یہ نہیں کہ ہم اپنی سلامتی اور دفاع سے غافل ہیں، ہم ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، اﷲ کی فضل وکرم سے ہماری بہادر پاک فوج ایمانی قوت سے سرشار ہر طرح کی حالات کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ، ہمیں اپنی پاک فوج کے کمانڈر اینڈ چیف اور اسکی پوری ٹیم پر بھرپور اعتماد ہے نہ صرف حکومت بلکہ پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔