اوٹاوا(خصوصی رپورٹ ) کینیڈا میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے کہا ہے کہ جب ہم اپنے بچوں کو معیاری تعلیم دلوانے کے لئے کوشاں ہیں تو مقبوضہ کشمیر میں ان بچوں کو بھی فراموش نہیں کر سکتے جنہیں قید میں رکھا گیا ہے بھارت مقبوضہ کشمیر کو دنیا کے سب سے بڑے حراستی کیمپ میں تبدیل کر رہا ہے ۔ اوٹاوا میں فنڈ ریزنگ ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر تارڑ نے کینیڈین عوام سے اپیل کی کہ وہ ہر فورم پر بے بس کشمیریوں کے لئے آواز بلند کریں اور عالمی برادری سے مطالبہ کریں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور پابندیوں کو ختم کرنے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے ان کے ناگزیر حق کے حصول کے لئے زور دیں۔انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود پاکستان میں پبلک سیکٹر سرکاری سطح پر چلنے والے سکولوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کے ساتھ ہم آہنگی کی کوششیں کررہا ہے ۔یہ جا ن کر تقویت مل رہی ہے کہ ڈی آئی ایل پاکستان کے تینوں صوبوں میں 124 بچوں کے لئے دوستانہ سکولوں کے کیمپس چلاتی ہے اور ان کا انتظام کرتی ہے ۔صدر ڈی آئی ایل اوٹاوا جاوید سومرا نے تنظیم کے زیر انتظام سکولوں کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا۔