نئی دہلی (نیٹ نیوز)بھارت میں سینیٹائزر اور نقلی شراب پینے سے 30افراد ہلاک ہوگئے ۔ کورونا کی وجہ سے شراب کی دکانیں بند ہونے کے باعث الکوحل والا سینیٹائزر پینے سے 9 افراد ہلاک ہوگئے ۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق ریاست آندھرا پردیش کے قصبے کُریچیدو کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سِدارتھ کوشال نے کہا کہ یہ افراد بڑی مقدار میں سینیٹائزر پینے کے بعد ہوش کھو بیٹے تھے ۔متاثرہ افراد کو فوری ہسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔پولیس افسر نے کہا کہ ٹاؤن میں لاک ڈاؤن کے باعث ان افراد نے شراب کے متبادل کے طور پر سینیٹائزر پینے کا فیصلہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔دریں اثنا بھارتی پنجاب کے امرتسر شہر اور ترنتارن میں زہریلی شراب پینے سے 21 لوگوں کی موت ہو گئی۔ پولیس نے کہا کہ وہ معاملے کی جانچ کر رہی ہے ۔ جان گنوانے والے سبھی لوگ خط افلاس سے نیچے زندگی گزارنے والے کنبوں سے تعلق رکھتے تھے ۔ معاملے کی جانچ کے لئے پولیس سپرنٹنڈنٹ کی نگرانی میں چار رکنی خصوصی جانچ ٹیم کی تشکیل کی گئی ہے ۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے ایک خاتون کو گرفتار کر لیا ۔