لاہور(خصوصی نمائندہ)گور نر پنجاب چودھری محمدسرور اور وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ امن ہو یا جنگ، کر تاپور راہداری منصوبہ نومبر تک ہر صورت مکمل کر دیا جائے گا،بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو یہ بر صغیر کی آخری جنگ ہوگی،بھارت اسرائیل سے بڑا ظالم اور دہشتگرد بن کر کشمیر یوں پر مظالم کر رہا ہے ، بندوق ،گولی اور کر فیو کشمیر یوں کے جذبہ کو ختم نہیں کر سکتا،نر یندر مودی امن اور انسانیت کا بدتر ین دشمن،وقت آچکا ہے کہ انسانی حقوق کے عالمی ادارے آنکھیں بند کر نے کی بجائے کشمیر یوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہائوس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔چودھری محمدسرور نے کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ اسرائیل فلسطینی عوام پر بدترین ظلم کر رہا ہے مگروہاں انسانی حقوق کی تنظیموں اور میڈیا کو جانے کی اجازت ہوتی ہے مگر نر یندر مودی کی دہشتگردی اسرائیل سے کئی گنا زیادہ ہے جس نے کشمیر کو جیل میں بدل دیا ہے اور وہاں کسی کو جانے کی اجازت ہے اور نہ ہی کشمیری اپنے گھر وں سے نکل سکتے ہیں، اقوم امتحدہ سمیت تمام اداروں کو سخت اور فوری نوٹس لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم عمران خان اقوام متحدہ میں اپنے خطاب کے دوران ہٹلر سے بھی زیادہ ظالم نر یندر مودی کے اصل چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر یں گے ، اس میں کوئی شک نہیں کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا، اس وقت تک خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کر تار پور راہداری منصوبے کے حوالے سے بھارت پہلے دن سے ہٹ دھر می کا مظاہر ہ کر رہا ہے مگر تمام تر حالات کے باوجود پاکستان کر تارپور راہداری منصوبے پر تیزی کے ساتھ کام کر رہا ہے اور باباگرونانک کے 550ویں جنم دن سے پہلے ہر صورت منصوبے کو مکمل کر ے گا اور باباگرونانک کے جنم دن کی تقر یبات کی تیاریوں کے حوالے سے 31اگست کو گور نر ہائوس میں انٹر نیشنل سکھ کنونشن بھی منعقد کیا جارہا ہے ۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیراعظم عمران خان باربار دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کی جانب متوجہ کر رہے ہیں، بدقسمتی سے کچھ مسلمان ممالک کشمیر کا زخم محسوس نہیں کر رہے ، ان کے اپنے معاشی مفادات ہیں، دنیا اس وقت خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے ، انسانی حقوق کے چیمپئن ممالک کو مسلسل کشمیر کی صورتحال باور کرانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا مودی سرکار نے اقوام متحدہ کی 11 قراردادوں کو پاؤں تلے روند دیا، اس کے ساتھ ہمارا کوئی ذاتی جھگڑا نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں قتل عام بند کرے ، بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کو پیغام دیتے ہیں کہ جنگ شروع آپ نے کرنی ہے ، ختم ہم کریں گے ،جنگ مسلط کی گئی تو نئی دہلی میں جاکر ختم کرینگے ، امن کی خواہش کو ہماری کمزوری سمجھا گیا۔فردوس عاشق نے کہا حکومت سکھوں کا رشتہ ان کے مذہبی مقامات سے مضبوط کرے گی، حالات کیسے بھی ہوں، حکومت ان کے ساتھ ہو گی، کرتارپورپہنچنا سکھوں کا خواب تھا جسے ہم پورا کر رہے ہیں، لیکن دوسری جانب بھارت سکھوں کو ان کا بنیادی حق دینے سے گریزاں ہے ۔انہوں نے کہا حکومت کشمیریوں سے یکجہتی کا دن منائے گی، وزیراعظم آئندہ ہفتے قوم سے خطاب کریں گے ۔