اسلام آباد، ملتان (نامہ نگار، خبر نگار، این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نواز شریف کی حالت تشویش ناک ہے ، انہیں علاج کے لئے بیرون ملک جانا چاہئے ، بھارت نے پاکستان سے توجہ ہٹانے کے لئے بابری مسجد کا فیصلہ سنایا، بھارت میں اقلیتوں کے لئے جگہ تنگ کی جا رہی ہے ۔جہانیاں میں 100 اونٹوں کے تاریخی جلوس میں شرکت سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بابری مسجد پربھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے میں بے پناہ تضادات ہیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے نے کشمیر سے توجہ ہٹا دی ہے ۔ حکومت نوازشریف کے بیرون ملک علاج کے لئے جانے کے معاملہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈال رہی ، ان کی صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں ، ہم چاہتے ہیں وہ صحتیاب ہو کر دوبارہ سیاست شروع کریں۔ انہوں نے کہا بلاول بھٹو کو زرداری کے علاج معالجہ کی سہولیات کا شکوہ ہے تو والد کی بیماری کے ٹھوس ثبوت دیں۔علاوہ ازیں شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم نے گوردوارہ تعمیر کیا انہوں نے مسجد شہید کی۔ بھارت نہرو والا بھارت نہیں رہا بلکہ ہندوستان بن گیا ہے ، ہندوستان میں ہندوتوا سوچ غالب آچکی ہے ۔وزیرخارجہ نے کہا ہم تاریخ بنا رہے تھے اور وہ تاریخ کو دفن کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ نے ورلڈ سنوکر چیمپئن محمد آصف کو مبارکباد د دیتے ہوئے کہاکہ آصف نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ۔