چندی گڑھ(این این آئی)بھارت کے سٹریٹجک امور کے ماہر معروف رضا نے کہا ہے کہ بھارت کبھی پاکستان سے آزادکشمیر نہیں چھین سکتا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق معروف رضا نے چندی گڑھ میں منعقدہ ملٹری لٹریچر فیسٹول کے ایک سیشن میں کہاکہ اگر ہم یہ دعوے کریں گے کہ ہم آزادکشمیر کو پاکستان سے واپس لے سکتے ہیں تو یہ دعویٰ جھوٹا ہے ۔ رضا معروف نے یہ بات ایک سیشن کے دوران اپنی اور ٹی وی پروڈیوسراقبال چند ملہوترا کی کتاب ’’کشمیر ان ٹولڈ سٹوری: ڈی کلاسیفائنڈ‘‘پرریٹائرڈ میجر جنرل جگت بیر سنگھ، ہندوستان ٹائمز کے ایگزیکٹو ایڈیٹر رمیش ونایک اورریٹائرڈ بریگیڈئر پردیپ شرما سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ رضا معروف نے کہا 1990ء کے بعد بھارتی فوج نے کشمیر میں تین مرتبہ تحریک آزادی کو قابو میں کیا لیکن بیورو کریٹس کے پاس کوئی منصوبہ نہیں تھا جس کی وجہ سے قیمتی وقت ضائع ہوگیا۔ اگربھارتی حکومت کشمیرکے اندر مسئلہ حل کرے گی توکشمیر کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ رمیش ونایک نے کہاکشمیر میں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دینے کی ضرورت ہے ۔میجر جنرل جگت بیر سنگھ نے بھی کشمیر کے سٹریٹجک مقام اور چین ، افغانستان اور پاکستان کیساتھ اس کے تعلقات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔