دبئی(سپورٹس دیسک)پاکستان کرکٹ کپتان سرفراز احمد نے ایشیا کپ کے شیڈول پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ٹیموں کے لئے ٹورنامنٹ کے قوانین ایک جیسے ہونے چاہییں اور یقینی طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ اس معاملے کو دیکھے گا۔واضع رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارتی ٹیم اپنے تمام میچ دبئی سٹیڈیم میں کھیلے گی جب کہ پاکستان کو بنگلہ دیش اور افغانستان کے میچوں کے لئے ابوظہبی جانا ہوگا۔سرفرا ز احمد نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہا کہ ایک ٹیم کو ایک سینٹر میں تمام میچ کھلانا سمجھ سے بالاتر ہے ۔دبئی کے گرم ترین موسم میں پاک بھارت ٹکر کے لئے سٹیج تیار ہے ۔ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا سب بڑا مقابلہ اور سب سے اہم میچ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان بدھ کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں ہورہا ہے ۔سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کوہلی ورلڈ کلاس میچ ونر ہیں ان کی عدم موجودگی سے فرق ضرور پڑے گا حالانکہ بھارت کے پاس کئی اور اچھے کھلاڑی موجود ہیں۔پاکستان میچ میں چار فاسٹ بولروں کے ساتھ اترنے کی تیاریاں کررہا ہے لیکن پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے محمد عامر کی بولنگ پر تشویش ظاہر کی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ ہم نے محمد عامر کیساتھ بیٹھ کر انہیں سمجھا یا ہے اور بات چیت کرکے بتایا ہے کہ ٹیم کو ان سے کیا توقعات وابستہ ہیں۔