نئی دہلی ،واشنگٹن(صباح نیوز،نیٹ نیوز)بھارت نے چاند پر اپنے دوسرے مشن چندریان ٹو کو کامیابی سے روانہ کردیا ہے ۔ یہ خلائی جہاز گذشتہ ہفتے تکنیکی خرابی کے سبب روانہ نہیں کیا جا سکا تھا۔انڈیا کے خلائی ادارے اسرو (ISRO)کے مطابق چندریان ٹو کو پیر کے روز مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بج کر 43 منٹ پر خلا میں بھیجا گیا مناظر ٹیلی وژن اور خلائی ادارے کے سوشل میڈیا اکائونٹس پر براہ راست دکھائے گئے ۔اسرو کے سربراہ ڈاکٹر سیوان نے یہ خلائی مشن جاری کرنے کے بعد اپنی تقریر میں کہا یہ چاند کی جانب انڈیا کے تاریخی سفر کی ابتدا ہے ۔اسرو نے امید ظاہر کی کہ 15 کروڑ ڈالر کے خرچ والا یہ مشن پہلا ایسا مشن ہے جو چاند کے جنوبی قطب پر اترے گا۔دریں اثنا امریکی خلائی تحقیقی ادارے ’ناسا‘ نے چاند پر انسان کے قدم رکھنے کے 50 سال مکمل ہونے کے موقع پر چاند پر نیا مشن بھیجنے کا اعلان کردیا۔اس حوالے سے تقریب میں نائب امریکی صدر مائیک پینس نے شرکت کی اور انہوں نے ادارے کو ہدایت کی کہ چاند پر 2024 تک نیا انسانی مشن بھیجنے کے انتظامات جلد مکمل کیے جائیں۔ناسا کے مطابق ادارہ 2024 تک ’آرٹیمس ون‘ نامی نیا انسانی مشن چاند پر بھیجے گا، جس میں پہلی مرتبہ ایک خاتون کو بھی بھیجا جائے گا، انسانی مشن چاند کے جنوبی حصے میں اترے گا ،یہ مشن چاند پر نا صرف پانی اور دیگر قدرتی وسائل کی تلاش کا کام شروع کرے گا بلکہ ٹیکنالوجی آلات کے استعمال سے متعلق تجربات بھی کرے گا۔ناسا نے اپنے بیان میں بتایا کہ چاند پر نئے مشن کو ’اورین‘ نامی راکٹ کے ذریعے بھیجا جائے گا، جس کی مرمت جاری ہے اور توقع ہے کہ یہ راکٹ 2023 تک مکمل ہوجائے گا۔