اسلام آباد(صباح نیوز) جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما یسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو ایک سال تک طول دینا چاہتا ہے جس کا مقصد وادی کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کرنا ہے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کشمیر کا مسئلہ ایک عالمی معاملہ بن چکا ہے اور عالمی برادری نے بھی بے گناہ کشمیریوں کیلئے انصاف کا مطالبہ کیا ہے ۔ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو انصاف دلانے کیلئے کشمیر کا مسئلہ عالمی عدالت انصاف کو بھجوائے ۔انہوں نے کہا کہ یہ حق خودارادیت کے حصول کی جنگ ہے ۔ اسلئے انسانی حقوق کے تمام کمیشنوں کو مقبوضہ وادی میں علیل لوگوں کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے رسائی دی جانی چاہیے ۔