اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پر تشدد اور ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کسی صورت میں کشمیر یوں کی حق خودارادیت کی تحریک کو نہیں دبا سکتا۔ انہوںنے بیان میںکشمیر ی رہنما یاسین ملک کی گرتی ہوئی صحت پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا بھارت جس ظالمانہ طریقے سے یاسین ملک کو قید کر کے ان کے عزم کو توڑنے کی کوشش کر رہا ہے اس میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوںنے کہا بھارت مقبوضہ کشمیر میں تما م عالمی قوانین کی کھلے عام دھجیاں اڑا رہا ہے ،کشمیر ی نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کرنا اور رہنمائوں کو کالے قوانین کے ذریعے قید کرنا معمول کی کارروائی بن چکی ۔وفاقی وزیر نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارت اپنی جارحیت سے پاکستان کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت سے دستبردار نہیں کرا سکتا۔