جدہ(صباح نیوز،خصوصی رپورٹ )صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری اتوارکی صبح سعودی عرب کے چار روزہ دورے پر جدہ پہنچ گئے ،ائیر پورٹ پر استقبال کے لئے آنے والوں میں او آئی سی میں پاکستان کے سفیر و مستقل مندوب رضوان سید شیخ، او آئی سی میں پاکستان کے نائب سفیر الیاس محمود، ڈپٹی قونصلیٹ سرفراز گوہر اور دیگر حکام شامل تھے ۔صدرآزادکشمیرنے جدہ ائیرپورٹ پر گفتگومیں کہا کہ مجھے یہ اعزاز حاصل رہا کہ میں امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے ایوانوں میں جہاں مسئلہ کشمیر کو پیش کرتا رہا ہوں اب مجھے یہ منفرد سعادت بھی حاصل ہورہی ہے کہ میں او آئی سی کی دعوت پر یہاں جدہ آیا ہوں، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے ۔میں مسئلہ کشمیر پر او آئی سی اور سعودی حکام سے ملاقاتیں کر کے مسئلہ کشمیر پر حمایت حاصل کرنے کی کوشش کروں گا۔ادھر سلطان محمود چودھری نے مسعود احمد پوری کی سربراہی میں جموں و کشمیر اوورسیز کمیونٹی کے نمائندوں اور چودھری خورشید متیال کی سربراہی میں کشمیر کمیٹی جدہ کے وفد سے سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور پاکستان ایک دوسرے کے بغیر نامکمل اور ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں ۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی قابض افواج سے بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں تشدد اور خونریزی بند کرنے کا مطالبہ کرے ۔