بھارتی سکیورٹی فورسز کی کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ سے دو شہری شہید اور 2زخمی ہو گئے ہیں۔ بھارتی سکیورٹی فورسز جنوری 2019ء سے اب تک 3ہزار بار سے زائد مرتبہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری کی خلاف ورزی کرکے 300عام شہریوں کو نشانہ بنا چکی ہیں۔ بھارتی سکیورٹی فورسز مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کے لئے نہ صرف کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے بلکہ مودی سرکار اپنے اسلام اور مسلمان دشمن ایجنڈے کی تکمیل کے لئے پاکستان پر ہائبرڈ وار بھی مسلط کئے ہوئے ہے۔یہ بھارت کی شاطرانہ چالوں کاہی اثر ہے کہ عالمی برادری بھارت بالخصوص کشمیر میں مسلم کش پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھانے کے بجائے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے حوالے سے بھارتی پراپیگنڈے کا شکار نظر آتی ہے۔ بھارت نے نہ صرف ایف اے ٹی ایف میں عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کی بلکہ امریکہ اور یورپ میں نام نہاد بلوچ علیحدگی پسندوں کے مظاہرے کروا کر ہندوستان میں اقلیتوں سے غیر انسانی سلوک سے عالمی برادری کی توجہ بھی ہٹائے رکھی۔ بھارتی خفیہ ادارے اب سوشل میڈیا اور عالمی فورمز پر پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں اس صورت حال کا تقاضا ہے کہ پاکستانی سیاسی اور عسکری قیادت بھارتی ہائبرڈ وار کے مقابلے کے لئے مربوط پالیسی مرتب کرے اور بھارتی پراپیگنڈہ کے توڑ کے لئے بھر پور جوابی کارروائی کی جائے تاکہ بھارت کے عزائم کو خاک میں ملا کر مودی سرکار کا انسانیت دشمن چہرہ بے نقاب کیا جا سکے۔