نئی دہلی (نیٹ نیوز)مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد بھارت میں انتہاپسندوں نے ایسے گانے تیار کرنا شروع کر دئیے ہیں جن میں کشمیر سے لڑکیاں لانے اور وہاں جائیداد خریدنے کا پیغام دیا جا رہا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندو انتہاپسندوں نے ملک کے نوجوانوں کو اکسانیکیلئے غلیظ اور مکروہ پراپیگنڈہ شروع کر دیا ہے ،یو ٹیوب پر کئی گانے اپ لوڈ کئے گئے ہیں جن میں ہندو نوجوانوں سے کہا جا رہا ہے کہ اب کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی گئی ہے اور اسے بھارت کا حصہ بنا دیا گیا ہے اب نوجوان وہاں سے شادی کیلئے لڑکیاں لا سکتے ہیں اور وہاں جائیداد بھی خرید سکتے ہیں تو اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے ۔بھارت میں انتہاپسندوں نے ایک نیا رجحان تشکیل دیا ہے جسے ’’پیٹریاٹ ازم پاپ‘‘ کہا جا رہا ہے جس میں دائیں بازو کے متشدد خیالات کی ترویج کی جاتی ہے ۔سوشل میڈیا صارفین نے انتہاپسندوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اخلاقیات کی تمام حدیں پار کر لی ہیں انہیں لگام ڈالنی چاہئے ورنہ یہ معاشرے کو جنسی ہیجان میں مبتلا کر دیں گے ۔