لاہور، اسلام آباد، پشاور (نیوز رپورٹر، اپنے سٹاف رپورٹر سے ، لیڈی رپورٹر، سٹاف رپورٹر) لاہور سمیت مختلف شہروں میں منگل کے ر وز بھی بوندا باندی اور ہلکی بارش جاری رہی ، گلیوں اور سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے اور کیچڑ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے ، بلوچستان ، کشمیر ، بالائی خیبر پختونخواہ ، پنجاب ، گلگت بلتستان میں اکثرمقامات ، بالائی سندھ میں چند مقامات پر بارش ہوئی ، آج بدھ کو بالائی خیبر پختونخوا،بالائی پنجاب ، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر بر فباری کا امکان ہے ۔ منگل کو لاہور سٹی 5، گوجرانوالہ 7، نارووال 7،منڈی بہاؤ الدین ، ڈی جی خان میں 4، ملتان، قصور، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور کوٹ ادو میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی، سیالکوٹ سٹی میں 14، اسلام آباد زیرو پوائنٹ 9، خیبر پی کے میں کالام 25، بالا کوٹ میں 23 ملی میٹر بارش ہوئی،کالام میں 20 انچ، مالم جبہ میں 13، سکردو 6، چترال میں 3 انچ تک برفباری ہوئی۔ لاہور کے علاقے یوحنا آباد میں بارش کے باعث مکان کی بوسیدہ چھت گرنے کے باعث 3فراد چل بسے ، ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ماں اور 2بچے شامل ہیں۔ واقعہ یوحنا آباد کی آبادی خالد نگر میں پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 26 سالہ آمنہ نذیر، 9 سالہ رمشا نذیر اور 7 سالہ آکاش نذیر شامل ہیں ۔ دھند اور بارش کی وجہ سے ٹرینوں کا شیڈول بہتر نہ ہو سکا، منگل کو بھی کراچی اور کوئٹہ سے لاہور آنے والی میل ایکسپریس ٹرینیں گھنٹوں تاخیر سے اپنی منزل مقصود پر پہنچیں، کراچی سے لاہور آنے والی ٹرین پاکستان ایکسپریس 6 گھنٹے ، ، جعفر ایکسپریس 5 گھنٹے دس منٹ ، خیبر میل 2 گھنٹے 10 منٹ ، ، تیز گام 3 گھنٹے ، علامہ اقبال ایکسپریس 2 گھنٹے 20 منٹ ، پاک بزنس ایکسپریس 2 گھنٹے 40منٹ ، گرین لائن 2گھنٹے ، فرید ایکسپریس 2گھنٹے 45منٹ کی تاخیر سے لاہور پہنچیں۔ اس حوالے چیف میٹرولوجسٹ صاحبزاد خان نے روزنامہ 92 نیوز کو بتایا کہ بارش کا موجودہ سلسلہ آج ختم ہونے کا امکان ہے جس کے بعد اتوار ،سوموار سے ایک اور بارش کا سلسلہ متوقع ہے ، سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے جبکہ نمی کی وجہ سے دھند کی شدت میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے ، رات کو دھند چھا گئی، قلعہ عبداﷲ میں سیلاب سے ماچکہ ڈیم ٹوٹ گیا، لیویز فورس کی امدادی کارروائیاں، مقامی افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا، پشاور میں بارش کے باعث خستہ حال بیٹھک کی چھت گرنے سے 2 نوجوان جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ، زخمیوں میں سے ایک کی حالت نازک ہے ۔